میرپور: شادی ہال منہدم ہونے سے مالک اور بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق، 19 زخمی،اطلاعات کے مطابق آزادکشمیر کے شہرمیرپورمیں شادی ہال کی تین منزلہ عمارت گرنے سے3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملبے سے 19 زخمیوں کو نکال لیا گیا، مزید افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں شادی ہال کی عمارت گرگئی تھی ، جس وقت حادثہ پیش آیا وہاں تقریباً 50 مزدور کام کررہے تھے جو کہ سب ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو اداروں اور پاک فوج کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ شروع کردیا گیا اور اب تک 19 زخمیوں اور 3 لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں میں شادی ہال کا مالک ، اس کا بیٹا اور ایک شخص شامل ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کے بعد ہی علم ہوگا کہ عمارت میں کتنے افراد موجود تھے تاہم خدشہ ہے کہ وہاں حادثے کے وقت 50 سے زائد مزدور کام کررہے تھے۔
ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے پاک فوج کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بھاری مشینوں کی مدد سے لینٹر اور چھتیں کاٹی جارہی ہیں۔