ملک میں ایک طرف کرونا وائرس کی تباہ کاریاں:دوسری طرف گاڑیوں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ

0
39

کراچی:ملک میں ایک طرف کرونا وائرس کی تباہ کاریاں:دوسری طرف گاڑیوں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ،اطلاعات کے مطابق ایک طرف ملک میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں تودوسری طرف ملک کی ایلیٹ کلاس کمیونٹی کی طرف سے خواہشات کی تکمیل کا سلسلہ کم ہونے کی بجائے طویل ہوتا ہوا نظرآرہا ہے ،

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ملک میں ہیوی وہیکلز کی فروخت میں معمولی کمی کے علاوہ پورے آٹو سیکٹر نے رواں مالی سال کے پہلے 9 مہینوں میں مستحکم نمو حاصل کی جبکہ کار کی فروخت میں 31.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2021 کے پہلے 9 ماہ میں جیپس کی فروخت میں 157.6 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد چھوٹی کمرشل گاڑیاں / پک اپ میں 41.4 فیصد، ٹریکٹر 57.2 فیصد اور دو یا تین پہیوں والی سواری کی فروخت میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ہونڈا موٹر سائیکل کی کُل فروخت مالی سال 2021 کے 9 ماہ میں 9 لاکھ 61 ہزار 76 یونٹس رہی جبکہ مالی سال 2020 کے 9 ماہ میں یہ 7 لاکھ 68 ہزار 974 یونٹ تھے۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 85 ہزار 330 یونٹس کے مقابلے میں رواں مالی سال مقامی اسمبلرز کی کُل ایک لاکھ 12 ہزار 244 یونٹس فروخت ہوئی ہیں۔

مارچ 2021 میں کاروں کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھا گیا جو فروری 2021 کے 13 ہزار 570 یونٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 17 ہزار 105 یونٹس ہوگئی۔

مارچ 2020 میں فروخت 5 ہزار 796 یونٹس تھی جس کی وجہ مارچ کے تیسرے ہفتے میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن تھا جس میں اپریل 2020 تک توسیع کردی گئی تھی۔

گاڑیوں کی اعلی قیمتوں نے خریداروں کے جذبات کو متاثر نہیں کیا ہے کیونکہ وہ کم شرح سود پر آٹو فنانسنگ کی طرف زیادہ راغب دکھائی دیتے ہیں۔

Leave a reply