لاہور : وہی کچھ جس کا ڈر تھا ، ماہرین طب نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عیدکے موقع پر گوشت کھائیےضرور مگر احتیاط بھی برتیئے . لیکن گوشت کے شوقین افراد نے احتیاط سے کام نہ لیا . اطلاعات کے مطابق عید کے دنوں میں کھانےپینے میں بے احتیاطی، ناقص صفائی اور آلودہ پانی کا استعمال، گیسٹرو اور ڈائریا کےمریضوں میں اضافہ ہوگیا، عید کے دنوں میں سرکاری ہسپتالوں میں 4500 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پانچ بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں سب سے زیادہ مریض جنرل ہسپتال میں 1100، جناح ہسپتال میں 800، گنگا رام ہسپتال میں 550، سروسز ہسپتال میں 400 اور میو ہسپتال میں 350 سے زائد رپورٹ ہوئے جبکہ 500 سے زائد بچوں کو بھی گیسٹرو اور ڈائریا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں علاج کیلئے لایا گیا۔
دوسری طرف ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے الرٹ جاری کرتے ہوئے حالیہ حبس زدہ موسم اور بار بار ہونے والی بارشوں کے دوران گیسٹرو اور ڈینگی کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔








