6 ستمبر ہر سال یوم دفاع پاکستان کے طورپر ملک بھر میں قومی دن کے طورپر منایا جاتا ہے،یہ دن پاک بھارت جنگ 1965ء میں افواج پاکستان کی دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے اس دن شہداء پاکستان اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے اس کا مقصد پاکستان کے دفاع اور ملک پاک کی عسکری طاقت کو مضبوط کرنا اور ہر آنے والے دن میں کسی بھی حملے سے احسن طریقے سے نمٹا جاسکے ۔
6 ستمبر ملک بھر میں سکول ،کالجز ،جامعات کے علاوہ تمام سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتاہے اور بھارت کی اس شکست و پسپائی کا تذکرہ کیا جاتا ہے،ہر محب وطن پاکستانی اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اپنی فوج کے دفاع پر فخر کرتاہے اور یہ یقین رکھتاہے کہ پاک فوج ہر محاذ پر سرخرو ہے ۔
6 ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نا بھولنے والا قابل فخر دن ہے جب پاکستان سے کئی گنا بڑے ملک ہندوستان نے کئی گنا افرادی قوت اور دفاعی وسائل کے ساتھ کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں یہ منصوبہ بنایا کہ وہ لاہور پر قبضہ کر کے لاہور جمخانہ کلب میں فتح کا جشن منائیں گے لیکن انہیں کیا معلوم کہ پاکستانی فوج اور فضائیہ دشمن کی چالاکیوں اور حملوں کامنہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت مستعدرہتی ہے، اس غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن کے جنگی حملے کا پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم مٹی میں مل گئے اور ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی شرمندگی اٹھانی پڑی اور یہ ہمیشہ ہی ایسا ہوا جب جب ملک کے دشمنوں نے پاکستان میں فسادات برپا کرنا چاہے حملہ کرنا چاہاتو افواج پاکستان نے ہمیشہ ملک دشمن قوتوں کے عزائم مٹی میں ملا دیئے اور پاکستان کی بہادر افواج کے جوانوں نے اپنی چھاتیوں پر بم باندھ کر ان کے درجنوں ٹینکوں کو تباہ کر دیا اور دشمن کے حملہ کو اپنے عزائم اور لازوال قربانیوں کے ساتھ ناکام کر دیا ۔
6 ستمبر مسلم امہ کی فتح کا جنم دن ہے جب دشمن نے پاکستان کے شیر دل جوانوں کو للکارا تب کون جانتا تھا کہ صبح کا سورج آزمائش کا سبب بنے گا ماءوں کے لال ان سے جدا ہو جائیں گے ،خواتین کے سہاگ اجڑ جائیں گے ،بچوں کے سروں سے سائبان اٹھ جائیں گے لیکن سلام پاک فوج و فضائیہ کے ان جوانوں کو جنہوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا مگراس پاک مٹی پر آنچ نہ آنے دی اور آنے والی نسل کیلئے مشعل راہ بن گئے ۔
6 ستمبر کا دن ہ میں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یاد رکھیں کہ آزادی کی حفاظت اللہ پر بھروسہ اپنے وطن عزیز سے بے پناہ محبت اور دفاع وطن کی قربانیوں کے جذبے سے ہوتی ہے ،پاک بھارت کی اس جنگ نے ثابت کیا کہ ہمیشہ ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی جنگیں لڑتی ہیں اور جیتتی ہیں پاکستان پر خدا کی رحمت باد نسیم کی طرح سایہ فگن ہے اور ہمیشہ رہے گی ۔ پاکستان زندہ باد ۔ ۔ ۔ پاک فوج پائندہ باد