کراچی :پاکستان میں کون کتنی رشوت دیتا ہے؟ نئی سروے رپورٹ میں انکشافات،اطلاعات کے مطابق پاکستانی تاجروں کی بڑی تعداد ملک میں رشوت ستانی سے پریشان ہے، 40 فیصد تاجروں کا کہنا ہے کہ ہمیں اس لئے رشوت دینا پڑتی ہے کیونکہ اس کے بغیر کوئی کام پایہ تکمیل تک نہیں پہچ پاتا۔
یہ اعداد و شمار عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کی نئی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔ مذکورہ سروے میں مینو فیکچرنگ سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر گیلپ پاکستان بلال گیلانی نےبتایا کہ پاکستان میں تقریباً چار ملین لوگ کاروبار سےمنسلک ہیں انہوں نے کہا کہ گیلپ کی جانب سے چاروں صوبوں سے چار سو لوگوں کو منتخب کرکے ان سے رشوت دینے سے متعلق مسائل پر گفتگو کی گئی۔
بلال گیلانی کے مطابق سروے میں 40 فیصد تاجروں نے جائز کام کے لیے بھی سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینے کا اعتراف کیا جب کہ 60 فیصد تاجروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسی صورت حال کا سامنا نہیں کیا۔