لاہور میں 7 خواتین قتل کردی گئیں،ہرطرف خوف وہراس
لاہور: لاہور میں 7 خواتین قتل کردی گئیں،ہرطرف خوف وہراس،اطلاعات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سات خواتین کو قتل کردیا گیا جن میں تین سالہ بچی اور دو سگی بہنیں بھی شامل ہیں۔
لاہورپولیس ذرائع کے مطابق گجرپورہ میں 15 سالہ مریم اور 16 سالہ کرن کی لاشیں گھر سے ملیں، ورثا تدفین کی تیاری کیے بیٹھے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، تفتیش ہوئی تو باپ اور بھائی قاتل نکلے جنہوں نے کردار پر شک کی بنا پرلڑکیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، ادھر گرین ٹاؤن میں نامعلوم قاتل نے تیز دھار آلے سے خاتون کو تین سالہ کمسن بچی سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ہنجروال میں بیٹے نے ماں کو بے دردی سے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، بیٹے احمد شہروز نے پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ میں نے غیرت کے نام پر اپنی ماں کو چھریاں مار کر قتل کیا۔بھاٹی گیٹ میں دو بچوں کی ماں کو پٹرول چھڑک کر جلا دیا گیا، ڈیفنس سی میں بارہ سالہ لڑکی کی بھی پراسرار ہلاکت ہوئی، لاہور کی سٹیج اداکارہ ثمینہ خٹک کو اس کے سگے بیٹے نے ابدی نیند سلادیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ کچھ مقدمات میں ملزموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے،باقی کو بھی جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔