امریکی فوجی اڈے حملے پر سعودی عرب نے دیا اپنا ردعمل
باغی ٹی وی : سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک فوجی اڈے پر سعودی فوجی کے ہاتھوں فائرنگ کے نتیجے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلوریڈا واقعہ سعودی عرب کے عوام کی سوچ کی عکاسی نہیں کرتا۔
ڈاکٹر آل الشیخ نے ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں فلوریڈا میں پیش آنے والے واقعے کو مجرمانہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی قوم اس طرح کے واقعات کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والےامریکی فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات قابل مذمت اور سعودی قوم کی توہین ہے۔ اسلام اس نوعیت کے جرائم کسی کسی صورت میں اجازت نہیں دیتا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک فوجی اڈے پر زیرتربیت ایک سعودی اہلکار نے فائرنگ کرکے تین امریکی فوجیوں کو ہلاک اور سات کو زخمی کردیا تھا۔ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی تحقیقات میں امریکا کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔