عراق سے امریکی فوجوں کونکلنا ہوگا، عراقی عوام ڈٹ گئی

0
36

بغداد:عراق سے امریکی فوجوں کونکلنا ہوگا، عراقی عوام ڈٹ گئی ،اطلاعات کےمطابق عراق کی عوامی مزاحمتی تنظیموں نے اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

بغداد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ عراق نے ایک بیان جاری کرکے اپنی پارلیمان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا بل پاس کرنے کے لئے ضروری سرگرمیاں شروع کردی جائیں ۔

حزب اللہ عراق نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کو جاسوسی کا اڈہ اور شرانگیزی کا مرکز قرار دیا ہے۔ اس تنظیم نے اسی طرح امریکا کے خلاف دلیرانہ اور غیرتمند موقف اختیار کرنے پر عراقی عوام کی قدردانی کی ہے۔

حزب اللہ عراق نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے خلاف احتجاجی دھرنے کی جگہ اس شرط پر تبدیل کی گئی ہے کہ ملک سے امریکی افواج کو باہر نکالا جائے ۔

یاد رہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نےایک بیان جاری کرکے عوام سے درخواست کی تھی کہ ملک کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور کارگزار وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کی اپیل کے احترام میں بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے دھرنا ختم کردیا جائے ۔

مغربی عراق کے صوبہ الانبار کے شہر القائم میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے مراکز پر امریکا کے فضائی حملے پر پورے عراق میں عوام میں کافی غم و غصہ پایاجاتا ہے۔

امریکا کی اس کھلی جارحیت کے خلاف عراق کے مختلف شہروں میں عوام نے مظاہرے کرکے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ۔اس کے ساتھ ہی منگل اور بدھ کو بغداد میں عراقی عوام نے امریکی سفارتخانے کے سامنے وسیع مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کی دیواروں پر نصب امریکی پرچم اتار کے عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے پرچم نصب کردیئے تھے۔ بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کرنے والوں نے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے ساتھ ہی امریکی سفارتخانہ بند کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ۔

Leave a reply