کراچی :امیر تحریک لبیک پاکستان کے امیر المجاہدین قائد ملت اسلامیہ علامہ خادم حسین رضوی کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح آج (ہفتہ) کراچی کے 6اضلاع میں 100سے زائد مقامات پر رکنیت سازی کیمپ لگائے جائیں گے ۔

ذرائع کےمطابق اس ضمن میں تحریک لبیک پاکستان کراچی کےامیر علامہ رضی حسینی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں تحریک لبیک پاکستان کی رکنیت حاصل کریں تاکہ ملک سے فرسوہ سیاسی نظام کا خاتمہ ہوسکے ۔ گزشتہ عام انتخابات میں تحریک لبیک پاکستان ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے ۔آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ہم اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں رکنیت سازی مہم جاری ہے ۔جماعت کے امیر علامہ خادم حسین رضوی کی ہدایت پر ہفتے کو کراچی کے 6اضلاع میں 100سے زائد مقامات پر رکنیت سازی کیمپ لگائے جائیں گے ،جہاں پر ٹی ایل پی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری ،یونس سومرو ،ثروت فاطمہ اور دیگر رہنما ؤں کی نگرانی میں رکنیت سازی کی جائے گی ۔

رکنیت سازی مہم کے حوالے سے تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹی ایل پی نے گزشتہ انتخابات میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں ووٹ حاصل کرکے خود کو بڑی سیاسی قوت کے طور پر منوایا ہے ۔ان انتخابات نے ثابت کیا کہ تحریک لبیک پاکستان ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت ہے،

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کو اس کے مشن سے ہٹانے کے لیے بہت کوششیں کی گئیں لیکن مجاہد ملت علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں ہم نے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے ۔انہوںنے کہا کہ 4جنوری کو ہم رکنیت سازی کے علاوہ شہید ناموس رسالت ۖ غازی ممتاز حسین قادری کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے ۔علامہ رضی حسینی نے کہا کہ کراچی تحریک لبیک پاکستان کا قلعہ ہے ۔

عام انتخابات کی طرح آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی مفاد پرست جماعتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئیںگے اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو شہر کی خدمت کے لیے نامز د کریںگے ۔اگر انتخابات شفاف ہوئے تو آئندہ میئر کراچی تحریک لبیک پاکستان سے ہوگا اور ہم شہر قائد کے عوام کو دکھائیںگے کہ خدمت کس طرح کی جاتی ہے ۔انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں تحریک لبیک پاکستان کی رکنیت حاصل کریں تاکہ ملک سے فرسوہ سیاسی نظام کا خاتمہ ہوسکے