رحیم یار خان (کرائم رپورٹر )سوتیلے بیٹوں نے بیوہ ماں کو گھر سے دھکے دیکر نکال دیا‘ لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد پر قبضہ‘ خاتون بے یار و مددگار‘ ٹھوکریں کھانے پر مجبور‘ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا‘ تفتیشی آفیسر لیت ولعل سے کام لیتے ہوئے دباؤ ڈالتے ہوئے حراساں کرنا شروع کردیا۔ متاثرہ کااعلیٰ افسران سے انصاف کامطالبہ۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی سی ڈویژن کی حدود رحمن کالونی کی رہائشی سلطانہ بی بی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی شادی 2014ء میں غلام مصطفیٰ شاہ نامی شخص سے ہوئی تھی جس کے پہلی بیوی سے دو بیٹے حیات تھے‘ بیماری کے باعث اس کاشوہر غلام مصطفیٰ شاہ 2016ء میں وفات پاگیا‘ اور وہ اپنے گھر میں رہائش پذیر تھی‘ یکم دسمبر 2019ء کو وہ اپنے میکے ملنے گئی ہوئی تھی کہ اسی دوران اس کے دوسوتیلے بیٹوں عثمان شاہ اورمحمودشاہ نے گھر کے تالے توڑ کر اس کالاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان چرالیا اور مکان پر قبضہ کرلیا اور اس کے واپس آنے پر دھکے دے کر گھر سے نکال دیا۔ متاثرہ سلطانہ بی بی نے تھانہ میں تحریری شکایت پیش کردی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا‘ اور تفتیشی آفیسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمدارشد بلا ملزمان کو گرفتارکرنے کی بجائے لیت ولعل سے کام لیتے ہوئے اسے صلح کے لئے دباؤ ڈالتے ہوئے مختلف طریقوں سے حراساں کرنا شروع کردیا۔ متاثرہ بیوہ سلطانہ بی بی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منتظر مہدی اور ڈی ایس پی سٹی سرکل جاوید اختر جتوئی سے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے انصاف مہیا کیا جائے۔

Shares: