عراق بھی روسی میزائل ڈیفینس سسٹم خریدنے کے لیے پر تولنے لگا

باغی ٹی وی ایران میں عراق کے سفیر سعد جواد قندیل نے تصدیق کی ہے کہ بغداد حکومت روس کا S-300 فضائی دفاعی میزائل سسٹم خریدنے کے لیے ماسکو کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی اسپٹنک نے سفیر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ سسٹم کی خریداری جلد عمل میں آ سکتی ہے۔

سفیر کے مطابق S-300 سسٹم کی خریداری کا معاملہ روس اور عراق کے درمیان بات چیت کی میز پر موجود ہے۔سعد جواد کا کہنا ہے کہ عراق اپنے ہتھیاروں کے ذرائع کو متنوع بنانے کا خواہش مند ہے اور عراق کے روس کے ساتھ ہتھیاروں سے متعلق سمجھوتے موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "عراقی روسی تعلقات بہت اچھے ہیں … بغداد تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے”۔

اس سے قبل عراقی پارلیمنٹ میں دفاع اور سیکورٹی سے متعلق کمیٹی کے سربراہ محمد رضا یہ بتا چکے ہیں کہ بغداد حکومت نے S-300 سسٹم کی خریداری کے حوالے سے ماسکو کے ساتھ دوبارہ بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔

Shares: