امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین اور اسرائیل کے مابین امن کا پلان پیش کردیا
باغی ٹی وی :امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے دیرینہ تنازع کے حل کی خاطر پیش کیے جانے والی ’ڈیل آف دی سینچری‘ نامی منصوبے میں مسئلہ فلسطین کے حل کی خاطر دو ریاستی حل کو بطور تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ امن منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر برائے مشرق وسطیٰ جیرڈ کشنر کی قیادت میں تیار کیا گیا۔
امریکی صدر نے ڈیل آف دی سینچری کے اعلان سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ’’وائٹ بلیو‘‘ نامی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے انتخابی حریف بینی جینٹس کو اعتماد میں لیا جو ان دنوں واشنگٹن میں موجود ہیں۔ تاہم صدر ٹرمپ نے اس منصوبے پر فلسطینیوں کا اعتماد میں لینا ضروری نہیں سمجھا اور نہ ہی کسی فلسطینی رہنما کو اس موقع پر امریکا مدعو کیا گیا ہے۔ فسلطینیوں نے مجوزہ ڈیل آف دی سینچری کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرنے کے لئے یوم غضب کی کال دے رکھی ہے
صدر محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی نے ڈیل آف دی سینچری کو مسترد کرنے پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اس کے بائیکاٹ کی اپیل کر رکھی ہے۔








