پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، ”قیمت پنجاب موبائل ایپ“ سے ملی عوام کو سہولت

باغی ٹی وی: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی وضع کردہ ”قیمت پنجاب موبائل ایپ“میں اشیائے خورونوش کی ”ہوم ڈلیوری سروس” کا فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے سرکاری نرخوں پر چیزیں منگوا سکیں گے جبکہ شہریوں کو ترسیل کے کوئی اضافی چارجز ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔ فریش آن لائن فری ہوم ڈلیوری سروس فی الحال لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان کے شہروں میں متعارف کروائی گئی ہے۔ابتدا میں پھلوں اور سبزیوں کی 46 اقسام کو فریش آن لائن آرڈر فارم میں شامل کیا گیا ہے۔
آرڈر دینے کیلئے صارفین کو قیمت ایپ سے فریش آن لائن کا انتخاب کرکے اپنا ضلع اور پھر تحصیل منتخب کرنا ہو گی اور پھر فہرست سے اپنی پسند کی اشیاء منتخب کر کے مقدار داخل کرنا ہو گی۔ کل بل اسکرین کے اوپری حصے پر ظاہر ہوگا۔ جس کے بعد آرڈر گھر پر ڈیلیور ہوجائے گا اور کیش میں ادائیگی کی جا سکے گی۔ صارف موجودہ اور ماضی کے آرڈرز سے متعلقہ معلومات بھی ایپ میں دیکھ سکیں گے۔
اس سروس کے ذریعے صارفین کو سرکاری نرخوں پر اشیا گھر بیٹھے مل جایا کریں گی اور وقت کے ساتھ ساتھ پیسوں کی بھی بچت ہو گی۔
گراں فروشی روکنے کے لئے 23 اپریل 2019 کو لانچ ہونے والی اس ایپ کو عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے اب تک پنجاب بھر سے 6 لاکھ سے زائد شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں جبکہ 23 ہزار 646 رجسٹرڈ شکایات میں سے 23 ہزار 516 کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ قیمت پنجاب ایپ گوگل پلے سٹور اور ایپل سٹور دونوں پر مفت دستیاب ہے۔ بہت جلد مزید شہر اور اشیا کو بھی ایپ میں خریداری کے لئے شامل کیا جائے گا۔
اس سےمتعلق خبریں

عوام کی سہولت کے لیے "قیمت پنجاب ایپ” لانچ کردی گئی

قیمت پنجاب ہوا میں

Shares: