تعلیمی اداروں کو جدید دور کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے ڈی سی فیصل آباد کی نئی اصلاحات
فیصل آباد( باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہاہے کہ ڈویژنل پبلک سکول اورڈویژنل ماڈل کالج کے انتظامی وتدریسی امور میں مزید بہتری لانے کے لئے مختلف اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ نئی سوچ اور جدید تقاضوں کے مطابق کم اخراجات میں بامقصد ومعیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی موثر کردار سازی کے لئے ہمہ جہت مہارتوں کو متعارف کرایا جاسکے۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول اورڈویژنل ماڈل کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی،ڈائریکٹر پبلک سکولز ایوب خاں، اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان،،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،پرنسپل شاہد محمود،میاں کمال الدین ودیگر ممبرز نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے بورڈ آف گورنرز کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سکولز کی ترقی وساکھ کا معیار‘ عمدہ تعلیمی ماحول اور درس وتدریس کی شاندار سہولتوں کے ساتھ صحت مند مقابلے میں طالب علموں کی سبقت حاصل کرنے کے علاوہ والدین کے لئے تعلیمی اخراجات کم رکھنا ہے لہذا نئی اصلاحات کے تحت فیکلٹی کی کارکردگی اورمالی امور کی بہتر مینجمنٹ کے علاوہ غیر ضروری اخراجات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ا
نہوں نے بورڈ آف گورنرز کے اراکین سے کہا کہ وہ ان تعلیمی اداروں کے انتظامی وتدریسی امور مزید بہتر بنانے اور طالب علموں کو جدید تعلیمی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے اقدامات کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وسائل اور علمی تجربات میں اضافہ ممکن ہوسکے۔ڈویژنل کمشنر نے بعض ارکان کی نشاندہی پر ڈی پی ایس گوجرہ میں ٹیچرز ودیگر سٹاف کی بھرتیوں وپرموشن کو متعلقہ پالیسی اور قواعد وضوابط کے مطابق ہونے کے امور کی جانچ پڑتال و مختلف اصلاحات کے لئے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام مستقل اور عارضی بھرتیاں بذریعہ اخبار اشتہار ہی ہونی چاہیں اس ضمن میں تمام تر درکار تقاضے پورے ہونے چاہیں۔اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے ڈویژنل کمشنر کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا اور ان تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نئی اصلاحات میں اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے دوران ڈی پی ایس،ڈی ایم سی کے بجٹ کے امور بھی زیر بحث آئے







