اسلام آباد :پاکستان سے غربت کا خاتمہ میرا مشن ہے، بہت جلد بڑے بڑے منصوبے لارہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان ،اطلاعات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک سے غربت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت کا مقابلہ کرنا ہمارا مشن ہے۔
اسلام آباد میں ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘کوئی بھی ملک جہاں غریبوں کا سمندر ہو اور تھوڑے سے امیر ہوں وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا، مہذب معاشرے کی پہچان غریبوں کے رہن سہن سے ہوتی ہے، پاکستان میں غربت کا مقابلہ کرنا ہمارا مشن ہے اور حکومت غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔’
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اعداد و شمار کو بہتر کرنا اہمیت کا حامل ہے، عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، ترقیاتی فنڈز پسماندہ علاقوں میں خرچ کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا 55 فیصد بجٹ لاہور پر لگا جس کی وجہ سے دیگر شہر محروم رہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘ڈیٹا فار پاکستان اس لیے ضروری ہے کہ ہم لوگوں کو بتائیں گے کہ کہاں پیسا خرچ کرنے کی ضرورت ہے، اس ڈیٹا سے پتا چلے گا کہ بچیاں کیوں نہیں پڑھ رہیں، کیوں پیچھے رہ گئی ہیں۔’
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان کی ملک کو بہت ضرورت تھی، فیصلہ سازی اور فنڈز مختص کرنے میں یہ اعداد و شمار معاون ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے تحت صوبائی مالیاتی ایوارڈ میں آسانی ہوگی جبکہ کمزور طبقے کی خوشحالی سے ہی ملک ترقی کرے گا۔








