سربیا :ویسے تو دنیا بھر میں پنیر کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے .پنیر بہت سارے لوگوں کی مرغوب غذا ہے لیکن سربیا میں جو پنیر دستیاب ہے اس کی قیمت سن کر پنیر کے شوقین لوگوں کے ہوش اڑ جا ئیں گے۔ جی ہاں صرف ایک لاکھ 85 ہزار روپے میں ایک کلوگرام پنیرملتا ہے۔ یہ پنیر گدھی کے دودھ سے تیار کیا جاتا ہے۔ سربیین باشندے سلو بودان سیمک نے ایک انٹرویوکے دوران خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ سفید رنگ کا پنیر نہ صرف گاڑھا اور ذائقے میں بھرپوربلکہ صحت کے لیے بھی مفید ہوتا ہے۔

اس پنیر کی قیمت 1130 ڈالر فی کلو ہے جو کہ اسے دنیا کی مہنگے ترین پنیروں میں سے ایک بناتا ہے۔
سیمک اور ان کے ساتھی کسان 2012 سے اس پنیر کی تیاری کے لیے شمالی سربیا میں واقع جنگلی حیات کے ایک پارک میں پالی گئی 200 گدھیوں کا دودھ دوہتے ہیں۔گدھی کے دودھ کی خصوصیات انسانی دودھ سے ملتی جلتی ہیں اورسیمک کے مطابق یہ کئی بیماریوں بشمول دمہ اور پھیپھڑو کے ورم کے لیے مفید ہے۔سیمک کا کہنا ہے کہ ایک شیرخوار بچہ پیدائش کے پہلے دن سے اس دودھ کو بغیر کچھ ملائے پی سکتا ہے۔ سیمک اسے ’قدرت کا عجوبہ‘ کہتے ہیں۔

اگرچہ گدھی کے دودھ کے حوالے سے سائنسی تحقیق کی کمی کے باعث خصوصیات کے بارے میں صیحح معلومات نہیں لیکن دودھ میں پروٹین کی مقدار بہت زیادہ ہے اوراقوام متحدہ نے اسے گائے کے دودھ سے الرجک لوگوں کے لیے ایک اچھا متبادل تسلیم کیا ہے۔سربیا کے اس فارم میں گدھی کے دودھ سے صابن اور شراب بھی بنائی جاتی ہے۔

سیمک کے مطابق مقصد ’بلکان‘ گدھوں کی نسل کا تحفظ بھی ہے۔ خیال رہے کہ گدھی کے پنیر کے حوالے سے 2012 میں اس وقت سرخیاں بنیں جب میڈیا میں یہ خبریں آئیں کہ مشہور ٹینس سٹار کووچ نے اس پنیر کا سالانہ آرڈر دیا۔ تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

Shares: