صورتحال سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں، ڈاکٹر ظفر مرزا
باغی ٹی وی : کرونا وائرس پر بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کو کرونا وائرس کے چیلنجز کا سامنا ہے، اس صورتحال سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آج بھی اسی حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ کرونا وائرس کے تدارک کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی شہری گھروں سے نکلنے میں احتیاط برتیں کیونکہ ہماری پہلی ترجیح بیرون ملک سے وطن لوٹنے والے افراد ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عام نزلہ، زکام میں مبتلا افراد کا کرونا ٹیسٹ شروع کردیں تو کٹس ختم ہو جائیں گیں۔ اس وقت پاکستان کے بڑے شہروں میں 14 لیبارٹیرز میں ڈائیگانوسٹک کٹس فراہم کی جا رہی ہے۔ ان لیبارٹریز میں کرونا ٹیسٹ مکمل طور پر مفت کیے جاتے ہیں۔ تاہم پتا چلا ہے کہ کچھ پرائیوٹ لیبارٹریز مہنگے داموں ٹیسٹ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب متحد ہو کر کام کریں گے تو پاکستان محفوظ رہے گا۔ زائرین کی واپسی کے لیے کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ زائرین کے سندھ میں ٹیسٹ کرانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت کی تعریف کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار سے زائد زائرین ایران گئے تھے جو وہاں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے غیر محفوظ تھے۔ حکمت عملی کے تحت زائرین کی واپسی کے لیے پلان بنایا گیا.
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا،
اجلاس میں وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی جبکہ معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کروناوائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر مشاورت کی گئی، چاروں وزرائےاعلٰی کے علاوہ معاون خصوصی ظفرمرزا نے شرکا کو بریف کیا.
اجلاس میں کرونا سے نمٹنے کے لیے صوبوں کی مختلف تجاویز پرغور کیا گیا اور نمازِ جمعہ کے اجتماعات سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت پربھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے اور افواہوں سےنمٹنے کے لیے تمام صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھاجائے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبےمکمل ہم آہنگی کے ساتھ صورتحال سےنمٹ رہےہیں، خطرے سےآگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں جس سے خوف پیدا ہو، ہر شعبےسے تعلق رکھنے والے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور معاون خصوصی ظفرمرزاہر روز شام 5 بجے صورتحال سے آگاہ کریں گے








