لاہور:کورونا سے مزید 7 اموات، پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 35 اور مجموعی کیسز 2419 ہوگئے،اطلاعات کےمطابق پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2419 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں آج کورونا وائرس کے 179 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مجموعی طور پر 7 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیںپاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔آج اب تک پنجاب میں 75 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز 2 ہلاکت، خیبرپختونخوا 58 کیسز 2 ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سندھ
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آج بروز جمعرات صوبے میں 2 مزید ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاجب کہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔واضح رہےکہ سندھ میں اب تک ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے 10 کراچی شہر میں ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 65 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا 86 سالہ شخص سماجی رابطے سے متاثر ہوا، مریض یکم اپریل کو اسپتال میں داخل ہواجہاں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور آج وہ چل بسا۔علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کےمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 75 کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 920 ہوگئے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں آج ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 920 ہے۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ مرکز میں 213۔ ملتان قرنطینہ مرکز میں 91، رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ صوبے میں 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
بدھ کے روز پنجاب میں کورونا سے راولپنڈی میں 83 سالہ شخص جاں بحق ہوا تھا جو پنڈی میں چوتھی ہلاکت تھی۔پنجاب میں ہونے والی 11ہلاکتوں میں سے لاہور میں جمعرات کو ہونے والی ایک ہلاکت کے بعد 5 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے نئے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔
اسلام آباد
آج اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
آج بروز جمعرات گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔








