لاہور:ڈاکٹر سعید الٰہی نے میو ہسپتال کےعملےکےلئے 200 حفاظتی کٹس پیش کیں،اطلاعات کے مطابق سابق مشیر صحت اور سابق چیئرمین ہلال حمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں کام کرنے والے عملہ کے لئے 200 حفاظتی کٹس بطور تحفہ پیش کیں۔
ذرائع کےمطابق اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کے رہنما موجود تھے۔ ہسپتال کے ایم ایس، اے ایم ایس اور دیگر انتظامی عملہ نے بھی شرکت کی اور ڈاکٹر سعید الٰہی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ میو ہسپتال کے سٹاف نے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی خدمت کی ہے۔
ذرائع کےمطابق کرونا وارڈ میو ہسپتال اور ایکسپو سنٹر کا سارا نظام عملہ اور خدمات بھی میو ہسپتال کے طبی عملہ کے حوالے کی گئی ہیں۔ جو انہوں نے بطریق احسن نبھائی ہیں۔ تقریباً 400 کرونا مریضوں کی بے مثال خدمت اور علاج کیا گیا ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ 400 مریضوں کے علاج کے باوجود کسی طبی عملہ کے ممبر یا رکن کو کرونا ٹیسٹ پازیٹو نہیں ہوا۔
ڈاکٹرسعید الٰہی کا یہ کہنا تھا کہ یہ اللہ کا ایک عظیم کرم ہے اور انتظامیہ کی محنت اور عملہ کی خدمت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کو سنجیدگی سے لیا جائے اور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔