کرتار پور راہداری، پاکستانی اور بھارتی حکام کا دوسرا اجلاس کب ہو گا؟ حتمی تاریخ‌ کا اعلان کر دیا گیا

0
43

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کرتار پور راہداری سے متعلقہ اجلاس میں‌ متعلقہ معاملات کی جلد تکمیل کی خواہش رکھتا ہے اور نومبر میں بابا گرو ناننک کے 550ویں سالگرہ پر راہداری کو آپریشنل کرنا چاہتا ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق پاکستان نے کرتار پور راہداری کے حوالہ سے دوسرے اجلاس کا شیڈول بھارت کو دے دیا ہے جس کے تحت دونوں ملکوں‌ کے حکام کے درمیان ملاقات 14 جولائی کو واہگہ میں ہوگی، قبل ازیں‌ گزشتہ ماہ بھارت کی جانب سے 11 سے 14 جولائی تک لاہور کے واہگہ بارڈر پر مذاکرات کی تجویز دی گئی تھی تاہم پاکستان کی جانب سے اس تجویز کے جواب میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی تھی۔

رپورٹ‌ کے مطابق دنیا بھر کے سکھوں‌ میں‌ کرتار پور راہداری کے حوالہ سے پاکستان کے موقف اور اس سلسلہ میں‌ اٹھائے جانے والے اقدامات کی تائید و حمایت کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ سکھوں‌ کو پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد دیکھ کر بھارت کرتارپور کوریڈور سے متعلق پاکستان سے بات چیت پر تیار ہوگیا ہے اور بھارت کی جانب سے مذاکرات کی تجویز بھی دی گئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی کرتار پورا رہداری پر دوسرے اجلاس کا شیڈول بھارت کو دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرتارپور راہداری کے حوالہ سے اس سے قبل کئی مرتبہ میٹنگز ہو چکی ہیں.

Leave a reply