سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹرشہزادوسیم سے جاپانی سفیر کی اہم ملاقات

0
40

اسلام آباد:سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹرشہزادوسیم سے جاپانی سفیر کی اہم ملاقات ،اطلاعات کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور جاپان کے سفیر متسادہ کونینوری کے مابین ملاقات ہوئی جسمیں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کرو نا وبا پر قابو پانے کے لئے جاپان کی جانب سے دی جانے والی امداد پر جاپان کی حکومت، عوام اور پارلیمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وباء ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

قائد ایوان سینیٹ نے جامع حکمت عملی پر زور دیا۔  پاکستان اور جاپان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد ایوان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے تجارتی حجم کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پارلیمانی سفارتکاری کو اہم قرار دیا اور پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دیا جائے۔

جاپان کے سفیر نے سینیٹ میں قائد ایوان کو دوطرفہ تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جاپان کے سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جاپان اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

یاد رہے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر بھی ہیں۔ 

Leave a reply