سعودی عرب میں کرونا پھرسے سر اٹھانے لگا، یومیہ کیسز میں اضافہ
باغی ٹی وی :سعودی عرب میں کوئی ایک ہفتے کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور منگل کے روز وزارتِ صحت نے کووِڈ-19 کے 4387 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مرض کا شکار 50 افراد وفات پاگئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق اب مملکت میں کرونا وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 1649 ہوگئی ہے اور اس وَبا کا شکار مریضوں کی تعداد 190823 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کی بڑی وجہ لوگوں کا حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنا ہے اور وہ بالخصوص سماجی فاصلے کے ضابطے کی پاسداری نہیں کررہے ہیں۔
انھوں نے شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں، سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ہر وقت ماسک پہن کر رکھیں تاکہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں الہفوف شہر میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 980 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ دارالحکومت الریاض میں 342 ، المبرز میں 323اور الدمام میں 308 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔