مون سون کی رم جھم سے موسم خوشگوار، خلق خدا نے لی سکھ کی سانس

0
43

مون سون کی رم جھم سے موسم خوشگوار، خلق خدا نے لی سکھ کی سانس

باغی ٹی وی : بارشوں کی جھڑی سے موسم خوشگوار ہو گیا گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا اور اللہ کا شکر ادا کیا،، مختلف علاقوں میں رم جھم سے لاہور،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اڑن چھو ہوگئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

قدرت ہوئی مہربان، مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا، باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا۔ گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی، شہر میں آج مزید رم جھم کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں سے بارش کی توقع ہے۔جنت نظیر وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسیں گے،جموں میں درجہ حرارت انتالیس، سری نگر میں اکتیس،لیہہ میں بیس رہے گا۔
حیدر آباد اوردادو سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں محکمہ موسمیات نے آج سے تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، تیز ہوائیں چلیں گی اور بارش کے دوران شہری گھروں سے باہر کم نکلیں۔ بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، گاڑی احتیاط سے چلائیں۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز چکوال، مری، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، منڈی بہا ؤالدین اور حافظ آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سیالکوٹ ، نارووال ، فیصل آباد ، جھنگ ،ٹو بہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات اور لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، لیہ، بھکر، بہاول پور، بہاولنگر، چترال، دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، بنو ں، لکی مروت، کرک، ڈی آئی خان، شمالی و جنوبی وزیرستان، کرم اورکوہاٹ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا تاہم بارکھان، خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہےگا تاہم کراچی، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، اسلام کوٹ، تھر پارکر، نگر پارکر اور مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Leave a reply