بھکی روڈ یا مسائلستان
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی محمد فہیم شاکر سے) بھکی روڈ شہر شیخوپورہ کے وسط میں موجود ایک ایسا راستہ ہے جو شہر کے بیچوں بیچ ہوتا ہوا شہر سے باہر فیصل آباد روڈ تک جا پہنچتا ہے اور شہر سے باہر جانے والوں کے لیے ایک اہم راستہ ہے لیکن اپنی زبوں حالی کی وجہ سے اپنی اہمیت کھو بیٹھا ہے جا بجا گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں 
گٹروں کے گندے اور بارش کے کھڑے پانی کی وجہ ٹوٹی سڑک مسائلستان بنی ہوئی ہے جہاں کبھی کسی مزدور کا سامان سے لدا رکشہ الٹ جاتا ہے تو کبھی کسی مسافر کی گاڑی پھنس جاتی ہے اس اذیت کو وہی جان سکتے ہیں جو اس سے گزرے ہوں،
دفتروں میں بیٹھ کر چائے کی پیالی میں مسائل ڈبو دینے سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے بلکہ اس کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل درکار ہوتا ہے شہر بھر کا نکاسی آب کا معاملہ جہاں درہم برہم ہے وہاں بھکی روڈ کا مسئلہ زیادہ شدید ہے
ابلتے گٹروں کا پانی مناسب نکاس نہ ملنے کی وجہ سے سڑک پر کھڑا رہتا ہے جس وجہ سے سڑک ٹوٹ چکی ہے اور یہ گزرگاہ قربان گاہ بن چکی ہے جہاں آئے روز کے حادثات معمول بن چکے ہیں
نمائندہ باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ بہت مرتبہ یہاں فوٹو سیشن ہوئے، بہت مرتبہ یہاں کا مسئلہ حل کرنے کے دعوے ہوئے لیکن وہ مسئلہ ہی کیا جو حل ہو جائے
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ اور متعلقہ اداروں سے بھکی روڈ کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھکی روڈ نہ تو چاند پر واقع ہے کہ جہاں پہنچنا ناممکن ہو اور نہ ہی یہاں کے مکینوں کے انسان سمجھا جاتا ہے ورنہ اب تک یہ مسائل حل ہو چکتے
Shares:








