تل ابیب :اسرائیل سے عرب امارات کی ڈیل بھی فلسطینیوں‌ کو صیہونی مظالم سے نہ بچاسکی،غزہ پرمسلسل پانچویں روزبھی حملے، اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل پانچویں روز بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے تازہ ترین حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں حماس کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا اور یہ حملے غزہ سے راکٹ حملوں اور ہیلیئم گیس کے غبارے اسرائیلی حدود میں بھیجنے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل اور غزہ کی سرحدی باڑ پر کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے محاصرے کے خلاف فلسطینی شہریوں کی جانب سے مظاہرو ں کا سلسلہ جاری ہے۔

غزہ کی وزارت صحت حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے سرحد پر مظاہرہ کرنے والے نہتے شہریوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جرائم کی سیاہ تاریخ میں مزید جرائم کا اضافہ ہورہا ہے جس سے فلسطینیوں کے عزائم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام غزہ کے 14سال سے جاری غیر قانونی محاصرے کو ہر صورت ختم کرکے رہیں گے تاکہ وہ معمول کی زندگی بسر کرسکیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 20 لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل غزہ کا 2007ء سے زمینی، بحری اور فضائی محاصرہ کررکھا ہے جس کے باعث غزہ کے عوام کو خوراک اور ادویات سمیت انتہائی بنیادی اشیائے ضرورت کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

Shares: