شہر کو یوں تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے،وفاق انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا،گورنرسندھ نے بڑا پیغام دے دیا

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ شہر کو یوں تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے، حالات بہتر نہ ہوئے تو وفاق انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا، پچھلے 50 سال کی تمام حکومتیں شہر قائد کی موجودہ تباہی کی ذمے دار ہیں، وزیراعظم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، کراچی کو تنہاء نہیں چھوڑا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں میں آنے والی تمام حکومتیں کراچی کی موجودہ تباہ کن حالت کی ذمے دار ہیں۔ گورنر عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی سندھ کا 95 فیصد ریونیو اکٹھا کرتا ہے، اس لیے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت شہر کو اس کا مناسب حق تو دے۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ وہ اور وفاقی حکومت کراچی شہر کو یوں تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔ اگر شہر کے حالات میں بہتری نہیں آئی تو پھر وفاق انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو فون کرکے صوبہ سندھ میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے گورنر سندھ کو بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کی کوششوں کو تیز کرنے کے احکامات دئیے۔

وزیراعظم نے پانی میں پھنسے لوگوں کو کھانا پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی شھر کے حالات سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو اس مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے -وزیراعظم نے بارش سے متاثرہ لوگوں کی محفوظ مقامات پر جلد منتقلی کا انتظام کرنے کے لئے ہدایت دی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ملیر اور غربی کے اضلاع میں بارش کے پانی میں پھنسے لوگوں کو کھانا پہنچایا جا رہا ہے جبکہ باقی علاقوں میں بھی امدادی کاروائیاں شروع کی جا رہی ہیں

Comments are closed.