سپریم کورٹ نے تعزیہ جلوس نکالنےکی اجازت دینے سے انکار کردیا

0
54

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے تعزیہ جلوس نکالنےکی اجازت دینے سے انکار کردیا،اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ پورے ملک میں جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ ہر جگہ کے حالات الگ ہیں،جگن ناتھ یاترا کا معاملہ بھی زیر بحث آیا سپریم کورٹ نے ملک بھر میں محرم کا جلوس نکالنے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔

ذرائع کےمطابق شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کر کے ہندوستان بھر میں محرم کا جلوس نکالنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت عظمیٰ نےمختلف وجوہات پیش کرتے ہوئے یہ اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

ملک بھر میں محرم کا جلوس نکالنے کی اجازت دینے کےحوالے سے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی راما سبرامنیم پر مشتمل بنچ نے کہا کہ پورے ملک میں جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ ہر جگہ کے حالات الگ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم جلوس کی اجازت نہیں دے سکتے کیوں کہ اس سے افراتفری مچ سکتی ہے ۔ ساتھ ہی ہم نہیں چاہتے کہ پورے ملک میں کورونا پھیلنے کے لئے ایک ہی فرقہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جانے لگے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ یہ اجازت نہ دی جائے۔

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے مولانا کلب جواد کو ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہائی کورٹ ریاست کے حالات کو دیکھتے ہوئے اجازت دینے پر غور کرسکتا ہے۔ عرضی گزار نے جب کہا کہ انھیں کم از کم لکھنؤ میں جلوس نکالنے کی اجازت دی جائے کیونکہ شیعہ طبقہ کے زیادہ تر لوگ یہیں رہتے ہیں، تو سپریم کورٹ نے اس کے جواب میں کہا کہ انہیں اس کے لئے الٰہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چا ہئے کیوں کہ وہی حالات کو دیکھ کر فیصلہ کرسکے گا۔

Leave a reply