کراچی کیلئے پروگرام کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، آرمی چیف کی متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد گفتگو

راولپنڈی: کراچی کیلئے پروگرام کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، آرمی چیف کی متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد گفتگو،اطلاعات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عوام کو مشکل گھڑی میں مایوس نہیں کرے گی۔ کراچی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت کے پروگرام کو آرمی کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

 

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو کراچی میں بدترین سیلابی صورتحال، سندھ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ سے تعاون، آبادی کے بے ہنگم پھیلاؤ اور انفراسٹرکچر کی وجہ سے پیدا مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایسی قدرتی آفات کا مقابلہ کوئی شہر نہیں کر سکتا۔ ہمارا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ درست ترجیحات ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ قدرتی آفات ترجیحات درست کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ ترجیحات درست کرنے سے بڑے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ کراچی کیلئے پروگرام کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کراچی میں جاری امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مقامات اور زیادہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیوں کیلئے وسائل کا استعمال زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں ہونا چاہیے۔ یہ قدرتی آفت ہے، سب متحد رہیں۔ پاک فوج عوام کو مشکل گھڑی میں مایوس نہیں کرے گی۔

Comments are closed.