اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کورونا وائرس کا شکارہوگئے،اطلاعات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے بعد انہیں بخار محسوس ہوا تھا۔بخار ہونے پر انہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ میں ان کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوگئی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نے نیر بخاری کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اور اس سے بچنے کے لیے احتیاط انتہائی ضروری ہے کیوں کہ صرف احتیاط کے ذریعے ہی کورونا سے بچا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں فروری کے آخر سے اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 13 ہزار 341 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 6 ہزار 499 متاثرین انتقال کرگئے جبکہ 2 لاکھ 98 ہزار 55 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

Shares: