لاہور ڈویژن میں 48 نئے کاروبار کرنے کی اجازت،کاروباری حلقے خوش ہوگئے
لاہور:لاہور ڈویژن میں 48 نئے کاروبار کرنے کی اجازت،کاروباری حلقے خوش ہوگئے ،اطلاعات کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایل ڈی اے کا اہم اقدام، لینڈ یوز رولز کی منظوری کی بعد خصوصی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں 48 نئے کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کی سربراہی میں پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف میٹرو پولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی، چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود، چیف انجینئر ٹیپا عبد الرزاق، ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ ممتاز احمدکے علاوہ لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور ان اضلاع کے چیف آفیسرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاہور ڈویژن کی حدود میں48نئے کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی، ایل ڈی اے کی طرف سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بنائے جانے والے لینڈ یوز ریگولیشنز پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ۔ اجلاس میں لاہور ڈویژن کی حدود میں 28 پٹرول پمپ یا فلنگ سٹیشن، 5 ایل پی جی سٹوریج سائٹس، 3 آئل سٹوریج سائٹس، 6 سکول، 2 میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، 2 ہسپتال اور ایک پاور ہاؤس قائم کرنے کے لئے زمین کے استعمال میں تبدیلی کی منظوری دے دی گئی۔
دوسری جانب ڈی جی ایل ڈی اے نے لاہور کا نیا ماسٹر پلان اٹھارہ ماہ میں تیار کرنےکا اعلان کردیا ، ڈی جی نے کہا کہ ماسٹر پلان تیار کرنے والے کنسلٹنٹس کو دیگر متعلقہ محکموں سے درکار معلومات اور ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اور بھرپور معاونت کی جائے، یا ماسٹر پلان 2050ءتک کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایاجائے گا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے مزید کہا کہ ماسٹر پلان تین عشروں کے دوران شہر کی تعمیر و ترقی کا روڈ میپ مہیا کر ے گا،لاہور کے علاوہ شیخوپورہ ، ننکانہ اور قصور میں واقع 49رہائشی علاقوں کا بھی ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔