آرمینیاکے خلاف آذربائیجان کے حق میں ترکی کی حمایت ، روس نے سخت بات کہہ دی
آرمینیاکے خلاف آذربائیجان کے حق میں ترکی کی حمایت ، روس نے سخت بات کہہ دی
باغی ٹی وی : روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا ہے کہ ترکی کے مواقف اور اقدامات واضح اور شفاف ہونا چاہئیں۔ آج بدھ کے روز روسی خبر رساں ایجنسی "اسپٹنک” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگورنو کاراباخ ریجن کے تنازع کے حوالے سے ماسکو ترکی کے مواقف سے موافقت نہیں رکھتا ہے۔
لاؤروف نے باور کرایا کہ آرمینیا کے خلاف عسکری کارروائی جس کی ترکی حمایت کر رہا ہے ،،، اس سے وہاں قائم مسئلہ اور تنازع ہر گز حل نہیں ہو گا۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق نگورنو کاراباخ میں فائر بندی کی نگرانی کے لیے امن فوج تعینات کی جانی چاہیے۔
آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان فائر بندی تک پہنچنے کے لیے ماسکو نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔ البتہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر ہفتے کے روز سے نافذ العمل فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
آذربائیجان نے آج بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے آرمینیا میں میزائل داغے جانے کے ایک مقام پر بم باری کی۔ دوسری جانب آرمینیا نے اپنی سرزمین سے میزائل داغے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان نے اس کی اراضی پر ایک فوجی دستے کو نشانہ بنایا ہے۔