عوام کی حفاظت و سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، آرمی چیف
عوام کی حفاظت و سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، آرمی چیف
باغی ٹی وی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر رہنے والے عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنائے رکھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ، اس دوران آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فوج کی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ راولپنڈی چھائونی میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ دورے میں آرمی چیف نے کشمیری عوام کے حوصلے و برداشت کو سراہا جبکہ پنڈی کینٹ میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سول انتظامیہ کو بھی سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری عوام کو بھارتی فوج کی فائرنگ کا سامنا ہے، پاک فوج ایل او سی پر رہنے والے عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنائے رکھے گی۔