بالی وڈ نے ایک اور اداکار کھو دیا، سینے کے انفیکشن میں مبتلا بالی وڈ اداکار فراز خان انتقال کرگئے۔
باغی ٹی وی : 46 سالہ اداکار فراز خان گزشتہ کئی ماہ سے سینے کے انفیکشن کے باعث بینگلور کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔
چند ہفتوں قبل فراز خان کے بھائی فرمان خان نے اپنے بھائی کی صحت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی اور علاج کے لئے مالی امداد کے لئے درخواست بھی کی تھی جس کے بعد بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے فراز خان کے علاج کے تمام اخراجات کی ذمہ داری لیتے ہوئے ان کے بل ادا کردئیے تھے۔
بیمار اداکار فراز خان کے بھائی فہد نے میڈیا کو بتایا تھا کہ’سلمان خان نے اُن کے بھائی فراز خان کے علاج میں آنے والے اخراجات سے متعلق سارے بل ادا کر دیئے ہیں۔
سلمان خان نے بھارتی اداکار فراز خان کے ہسپتال کے بل ادا کر دیئے
فہد خان نے بتایا تھا کہ کا بھائی فراز خان کئی عرصے سے کئی بیماریوں میں مبتلا ہے،انہوں نے اپنے بھائی کی بیماری سے متعلق ایک فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا تھا جس کی بھارتی فلمساز پوجا بھٹ کی جانب سے تشہیر کی گئی۔
فہد خان نے مزید بتایا تھا سلمان خان کا یہ درد مندانہ اقدام اُن کے لیے بہت احسن ثابت ہوا ہے سلمان خان خود آئے اور ہسپتال کے بل ادا کیے اور اُن سے 10 منٹ تک بات بھی کی اس دوران انہوں نے فراز خان کی بیماری سمیت اُن کے والد (اداکار یوسف خان) سے متعلق بھی باتیں کیں اور کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے وہ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا تھا فراز وبا کے خاتمے کے بعد اپنا علاج کروانے کا سوچ رہا تھا مگر حالت زیادہ بگڑنے پر اُسے اسپتال میں داخل ہونا پڑا فراز خان کی اسپتال میں اب بہتر طریقے سے دیکھ بھال ہو رہی ہے جیسی ہونی چاہئے۔ تاہم اب ایک سال میں سینے کے انفیکشن میں مبتلا رہنے والے ادکار جانبر نہ ہوسکے اور علاج کے دوران انتقال کر گئے-
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معروف اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ نے اپنی ٹویٹ میں فراز خان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت بھاری دل کے ساتھ یہ خبر سُنا رہی ہوں کہ فراز خان ہمیں چھوڑ گئے ہیں –
With a heavy heart I break the news that #FaraazKhan has left us for what I believe, is a better place.Gratitude to all for your help & good wishes when he needed it most.Please keep his family in your thoughts & prayers.The void he has left behind will be impossible to fill 🙏
— Pooja Bhatt (@PoojaB1972) November 4, 2020
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس وقت وہ اچھی جگہ پر ہوں گے۔ اُن کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے بھرنا نا ممکن ہوگا لیکن آپ سب سے گزارش ہے کہ اپنی دعاؤں میں انہیں اور اُن کے اہل خانہ کو یاد رکھیں۔ ۔
خیال رہے کہ 11جولائی 1974 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے فراز خان90 کی دہائی کے آخر میں بالی ووڈ کی فریب، دلہن بنو میں تیری، مہندی اور چاند بجھ گیا جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔