اسلام آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے مر کزی صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی تاجر تنظیموں و نمائندگان نے ایف بی آر اور ان کے نمائندوںسے کوئی مذاکرات نہیں کیے ،حکو مت جعلی تاجر نمائندوں سے مذاکرات کر کے تاجر برادری کے تقسیم ہو نے کا تا ثر دے رہی ہے ،لاہور سے چند من پسند افراد کو اکٹھا کر کے مذاکرات کی کامیابی اور معاہدے کے دعوے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ،انھوں نے کہا شناختی کارڈ،سیلز ٹیکس ،ٹرن اوور ٹیکس ،وود ہولڈنگ ٹیکس جیسے معاملات کے حل تک تاجروں کی تحریک ختم نہیں ہو گی ،جلد ملک بھر کی تنظیموں کی مشاورت سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر تاجر رہنماﺅں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔
محمد کاشف چوہدری نے کہا ملک بھرکی تاجر برادری تاجر کاز کے لیے متحد اور متفق ہے لہذا حکو مت کا تاجروں کو تقسیم کر نے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہو گا ،جلد ہی تاجر تنظیموں کا اجلاس بلا کر تین دن کی ہڑتال کی کال دے سکتے ہیں ، انھوں نے کہا حکو مت کا حالیہ بجٹ تاجر دشمن، غریب کش،قول و فعل میں تضاد ،انارکی و فساد کا موجب اور ملکی معیشت کیلئے تباہ کن ہے جس کی وجہ سے معاشرے کے تمام طبقوں نے وفاقی بجٹ کو مسترد کر دیاہے ،انھوں نے کہا بجٹ میں تجویز کردہ مختلف قسم کے ظالمانہ ٹیکسز برے ترین کاروباری حالات میں مہنگائی کے طوفان اور ملکی معیشت کو کمزور کرنے کا باعث ہونگے۔

Shares: