ہمارا جھنڈا ہمیں واپس دو ، محبوبہ مفتی نے مودی کو للکار دیا
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ، بھارت کی کٹھ پتلی حکومت کا حصہ رہنے والی مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارت میں برسر اقتدار مودی سرکار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارا جھنڈا ہمیں واپس دو۔ انہوں نے کہا ہے کہ بیشک! آج بی جے پی کا دن ہے لیکن کل ہمارا ہو گا اور اس کا حال بھی ٹرمپ والا ہی ہو گا۔
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ناجائز ہتھکنڈوں کی وجہ سے کشمیری نوجوان ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نوکریاں نہیں ہوں گی تو لڑکے بندوق ہی اٹھائیں گے۔
محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو چاہیے کہ وہ واجپائی حکومت کی خارجہ پالیسی سے سیکھے اور پاکستان سے تعلقات معمول پر لائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان زیادہ سے زیادہ سرحدی راستے بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے بعد بی جے پی کی منشا ہے کہ جموں و کشمیر کی زمین اور نوکریاں چھین لے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 370 ڈوگرا کلچر کو بچانے کے لیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جھنڈا ہمیں آئین نے دیا تھا لیکن بی جے پی نے وہ بھی ہم سے چھین لیا ہے۔