متحدہ علماء محاذ نے وزیر اعظم کے اقدام کو خوش آئند قرار دیدیا

0
57

وزیراعظم کا اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،متحدہ علماء محاذ، الیکٹرانک ووٹنگ نظام دھاندلی کے سدباب کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،مولانا محمد امین انصاری کا خیرمقدم
گلگت بلتستان سے منتخب افراد سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر عدل و انصاف اور عوامی خدمات کو اپنائیں ،متحدہ علماء محاذ کے 16سالہ یوم تاسیس پر ناموس رسالت و امن و یکجہتی سیمینار دسمبر میں ہوگا،مولانا انصاری کی مولانا جعفرالحسن تھانوی، پروفیسر حافظ محمد سلفی،علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، علامہ سید قرة العین عابدی و دیگر سے ملاقاتیں

کراچی(باغی ٹی وی ) متحدہ علماء محاذپاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ سے ملاقاتوں میں کہاہے کہ مسئلہ فلسطین کسی ایک ملک و مسلک کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا یہ بیان جرأت مندانہ و خوش آئند ہے

جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا امریکی دبائو نہیں ہے اور جب تک فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے۔ علماء نے موجودہ حکومت کی جا نب سے الیکٹرانک ووٹنگ نظام متعارف کرانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دھاندلی کے خاتمے کیلئے سنگ میل قرار دیا۔ علماء نے مشترکہ موقف میں کہا کہ گلگت بلتستان سے منتخب افراد سیاسی و جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر عدل و انصاف کے قیام اور بلاامتیاز عوامی خدمات کو اپنا شعار بنائیں۔

اس موقع پر مولانا محمد امین انصاری نے اعلان کیاکہ متحدہ علماء محاذ کے 16سالہ یوم تاسیس کے موقع پر دسمبر کے پہلے عشرے میں ناموس رسالت و امن و یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی و سماجی جماعتوں کے صوبائی قائدین شرکت و خطاب کرینگے۔ مولاناانصاری نے جن رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں ان میں مولانا جعفرالحسن تھانوی، پروفیسر حافظ محمد سلفی،علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، علامہ سید قرة العین عابدی و دیگر شامل ہیں۔

Leave a reply