کورونا کی دوسری لہر کی شدت انتہائی خطرناک لیکن عوام سنجیدہ نہیں لے رہے، اسد عمر
باغی ٹی وی : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا ہے کہ کورونا کی شدت کا احساس دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے رویے سے نہیں لگ رہا کہ انھیں کسی بات کی فکر ہے، کورونا کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کیلئے سکولز بند کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ 11 جنوری 2021ء سے حالات دیکھ کر سکولز کھلنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں بھی کورونا کی دوسری لہر کی شدت زیادہ ہے تاہم لوگوں کے رویوں سے لگ رہا کہ انہیں کورونا کی شدت کا احساس ہے۔ بدقسمتی سے ملک میں بڑے بڑے اجتماعات ہو رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع میں لاک ڈاؤن کیا تو غریب لوگ متاثر ہوئے تھے۔ ایسے حالات نہیں چاہتے جس سے روزگار اور زندگیوں کو خطرہ ہو۔ حکومت نے احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل بلایا ہے۔ اجلاس میں سیاسی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ سیاستدانوں کو موجودہ صورتحال میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی ہے۔ صوبہ سندھ میں آج سے کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ کاروبار کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہونگے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کو مکمل بند رہیں گے، جمعہ اور اتوار صرف اشیا ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک لاگو رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر، پبلک مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار، جرمانہ بھی ہوگا، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم سٹاف رکھا جائے، بند جگہوں پر شادی کی تقریبات پر پابندی جبکہ صرف کھلے مقامات پر شادی ہوگی، شادی میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی، تقریب 9 بجے ختم کرنا ہوگی