گلگت بلتستان کے لیے وزیر اعلیٰ کے نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے،

گلگت بلتستان کے لیے وزیر اعلیٰ کے دو نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے۔گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ کون ہوگا، اس حوا لے سے وزیراعظم عمران خان کی مشاورت جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے لیے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللّٰہ خان کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج وزیراعلی گلگت بلتستان کی نامزدگی کی حتمی منظوری دیں گے۔گذشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 33 نو منتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

تقریب میں جنرل نشستوں پر منتخب 24 ارکان اور مخصوص نشستوں پر کامیاب 6 خواتین ارکان سمیت 3 ٹیکنوکریٹس نے حلف اٹھایا،اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔

Shares: