کوئٹہ ، گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ آج کے طلباء نہ صرف ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں بلکہ وہ ہمارے حال کے بھی شراکت دار ہیں لہٰذا ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور انکے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہیں. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو بسوں کی فراہمی طلباء و طالبات کے وقت و توانائی کی بچت کا باعث بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بلوچستان کی مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان کو بسوں کی چابیاں حوالہ کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، ڈاکٹر ساجدہ نورین اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان شاہنواز علی بھی موجود تھے.

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ قوموں کا روشن مستقبل براہ راست تعلیم اور تعلیمی اداروں سے وابستہ ہوتا ہے لہٰذا اس ضمن میں ہماری بھرپور توجہ اور شعوری کاوشوں سے صوبہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ ملا اور آئندہ بھی ہم صوبہ میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور پرامن تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے علاوہ یونیورسٹیوں کے اساتذہ اکرام اور اسٹوڈنٹس کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور انکی مشکلات کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

Shares: