محمود خان اچکزئی کوپنجاب دشمنی مہنگی پڑگئی

0
42

لاہور: محمود خان اچکزئی کوپنجاب دشمنی مہنگی پڑگئی ،اطلاعات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے 13 دسمبر کو مینار پاکستان کے جلسے میں پنجابیوں کے خلاف تقریر پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو 24 دسمبر کو طلب کرلیا۔

درخواست گزارمدثرچوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمودخان اچکزئی نے 13 دسمبر کے جلسے میں پنجابیوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے بیان سے پنجابیوں کے جذبات مجروح ہوئے لہٰذا عدالت محمود اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج رضوان عزیز نے سماعت کی اور محمودخان اچکزئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کر لیا۔

عدالت کی متعلقہ ایس ایچ او کو الزام علیہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ایس پی ہیڈکوارٹرز سے بھی 24 دسمبرکو رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے حکم دیا کہ محمود اچکزئی خود یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور میں جلسہ ہوا تھا جس میں اپوزیشن رہنماؤں نے خطاب کیا تھا جبکہ اسی جلسے میں محمود خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا تھا۔

Leave a reply