شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے جاری شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے مریدکے روڈ کی آبادی اڈہ سیکھم میں غریب محنت کش 48 سالہ ارشد اشرف اپنے مکان کی کچی چھت گر جانے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا نواحی آبادی رینکے مینارہ میں 2 کاشتکاروں عابد علی اور ساجد علی کی 2 بھینسیں ہلاک ہوگئیں شیخوپورہ شہر میں درجنوں بستیوں کے زیر آب آ جانے پر انکشاف ہوا ہے کہ اس ضلع میں کئی برس سے بچھائے جانے والے سیوریج کے پائپ سریا کی بجائے باریک تار سے بعض افسروں کی ملی بھگت سے تیار کیئے جا رہے تھے جو زیر زمین بچھائے جانے کے چند ماہ بعد ہی ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں سیوریج کا نظام جس پر اب تک 31 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں بند ہوچکا ہے ادھر ضلعی حکام کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد اصغر جوئیہ اور تحریک انصاف کے رہنماء میاں تیمور خالد نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ سکر مشینوں کے ذریعے ضلع کچہری محلہ مچھلی فارم جنڈیالہ روڈ کھوکھر ٹاؤن اور دیگر بستیوں میں کھڑا بارش کا پانی نکالا جائے دریں اثناء بارشوں کا پانی کھڑا ہونے سے کئی دیہات سے شہر کا رابطہ ٹوٹ چکا ہے بارش کی وجہ سے چارہ اور سبزیوں کی تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم زرعی ماہرین کے مطابق اب تک ہونے والی بارش گندم کی فصل کے لیے سود مند ہے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے بارشوں کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام بلدیاتی اداروں کے چیف افسروں سینٹری انسپکٹروں اور عملہ صفائی کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور ہدایت جاری کی ہے کہ باغات پارکوں گلیوں کرکٹ سٹیڈیم شاہ کالونی اور انڈر پاسز میں کھڑا پانی فوری طور پر ختم کیا جائے دریں اثناء شدید بارش کے دوران شاہرات پر ہونے والے حادثات رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے الٹنے سے مجموعی طور پر 6 خواتین سمیت 14 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اے سی شرجیل شاہد اور میاں تیمور خالد نے ڈسپوزل اسٹیشن کا بارش کے دوران معائنہ کیا تو ڈسپوزل اسٹیشن بند پایا گیا جس پر بڑے بانسوں کی مدد سے صفائی کروا کر اسے چالو کیا گیا

Shares: