نیب نے چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا

باغی ٹی وی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیب نے سلیم مانڈوی والا کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیس، اور ریفرنس میں ملزم نامزد کر دیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا پر سرکاری پلاٹس عبدالغنی مجید کو بیچنے کا الزام ہے، نیب کے مطابق انھوں نے سرکاری پلاٹس عبدالغنی مجیدکو بیچنے میں اعجاز ہارون کی سہولت کاری اور معاونت کی۔

نیب کا کہنا ہے کہ سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس بیچ کر فرنٹ مین کے نام پر جعلی شیئر خریدے، اس ریفرنس میں ندیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید اور طارق محمود کو بھی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نیب کے خلاف ایوان میں قرارداد اور تحریک التوا پیش کرنے سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں ہوئے ہیں، حالاں کہ حکومت کی جانب سے نیب کے سلسلے میں خصوصی کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی آ چکی ہے۔

گزشتہ روز ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا اور اپوزیشن کے نیب سے متعلق تحفظات کے بارے میں چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں اہم بیٹھک ہوئی تھی جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین، مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور قائد ایوان شہزاد وسیم شریک ہوئے تھے۔سلیم مانڈوی والا نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیب کے خلاف قرارداد اور تحریک التوا کے فیصلے پر قائم ہیں۔

Shares: