کراچی :جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بلاول، زرداری کو مدعو نہیں کیا گیا،اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فرحت اللہ بابر نے اس بات کا اقرار کرلیا ہے کہ امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے کسی نے کوئی دعوت نامہ بلاول بھٹو یا آصف علی زرداری کو نہیں بھیجا

میڈیا میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو کو جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دینے کی خبریں چل رہی تھیں۔

پی پی پی سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ سابق صدر اور چیئرمین پی پی پی کو ‘تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نہیں دی گئی اور شرکت بھی نہیں کر رہے ہیں’۔

اس سے قبل سندھ کی وزیر برائے ترقی خواتین و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما شہلا رضا نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مدعو کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شہلا رضا نے کہا تھا کہ ‘امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو مدعو کیا گیا’۔انہوں نے کہا تھا کہ ‘آصف زرداری طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ بلاول بھٹو کی تقریب میں شرکت کے واضح امکانات ہیں’۔

پاکستان کی طرح دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اس طرح کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں، بھارت میں کانگریس کے حامیوں نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو دعوت دی گئی ہے اور وہ شرکت کر رہے ہیں۔

Shares: