اسپارک کے تحت سگریٹ نوشی کے خلاف سیمینار کا انعقاد
کراچی ۔ 22 جولائی (اے پی پی) اسپارک کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں سگریٹ نوشی کے خلاف سیمینار منعقد ہوا ۔ سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے سگریٹ نوشی کے استعمال اور اس کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کی ۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سگریٹ نوشی جہاں معاشرتی بگاڑ کا باعث ہے وہیں انسانی زندگی کے لئے بھی مضر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کریں اور سگریٹ نوشی کے خلاف موثر قوانین بنا کر ان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ مقررین نے معاشرے کی بہتری کے لئے کھلے مقامات میں سگریٹ نوشی کے خلاف سخت قوانین بنانے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں سیاسی وسماجی تنظیموں کے ساتھ دیگر افراد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ کراچی یونیورسٹی سائیکولوجی ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ ڈاکٹر فرح اقبال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سگریٹ نوشی کرنے والے اور ان کے ساتھ بیٹھے افراد کو بھی اس کے مضر اثرات نقصان پہنچاتے ہیں ۔ سیمینار سے خلیل احمد، کاشف مرزا، زاہد تھیبو، پتھاب شوانی، شمائلہ مزمل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔