راولپنڈی:پولیس کی فائرنگ سے مشرف ہلاک :ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل نوید اصغر شہیدداطلاعات کے مطابق گوجرخان کے علاقہ صندل میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل نوید اصغر شہید ہوگئے ہیں ،
راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم بھی ہلاک ہوا ،ہلاک ملزم کی شناخت مشرف کے نام سے ہوئی جو سرقہ اور منشیات فروشی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا،
ترجمان کا کہنا ہے کہ محافظ سکواڈ کے اہلکاروں نے ملزمان کو مشکوک جان کر روکا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل نوید اصغر شہید ہو گئے
اطلاعات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی پی او محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی صدر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے،
پولیس کے مطابق نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، فرانزک ٹیمیں موقعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، ہلاک ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے
ادھر ایس پی صدر کے مطابق فرار ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاۓ گا، شہید نوید اصغر نے جرائم پیشہ عناصر سے مقابلہ کرتے ہوۓ اپنی جان قربان کی، شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جاۓ گا،
ترجمان کے مطابق شہید نوید اصغر کے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں،
سی پی او محمد احسن یونس نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں جو ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،








