شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی)شیخوپورہ میں گذشتہ دو روز کے دوران متعدد علاقوں میں سیوریج کا نظام بند ہو جانے پر انکشاف ہوا کہ میونسپل کارپوریشن شیخوپورہ کے پاس انجینئرنگ سٹاف کی شدید کمی ہے نہ صرف ایکسین بلکہ ایس ڈی او اور سب انجینئروں کی بھی 6 آسامیاں کافی عرصہ سے خالی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں سیوریج کے نظام کی دیکھ درست بھال نہیں ہو رہی ہے
اور بھکھی روڈ طارق روڈ محلہ ہنجرانوالہ محلہ کیپری پارک سمیت کئی بستیوں میں کئی کئی روز گندا پانی کھڑا رہتا ہے اس بارے میں لوگوں کی شکایت پر صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود صوبائی دارالحکومت میں اپنی سرگرمیاں معطل کر کے شیخوپورہ پہنچ گئے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد اصغر جوئیہ کے ہمراہ سیوریج کے نظام کی بد حالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے شیخوپورہ میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اور ڈسپوزل اسٹیشن بنانے کے منصوبہ کی منظوری دے دی ہے
یہ اسٹیشن فیصل آباد روڈ پر جیون پورہ کلاں کے نزدیک 3 کنال اراضی پر بنایا جائے گا جس کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ نے زمین ایکوائر کر لی ہے دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر کھدائی کر کے سیوریج کے پائپوں کے معیار کا جائزہ لیا جائے اور اس بارے میں رپورٹ تیار کی جائے کہ کن کن علاقوں میں کنکریٹ کا بیڈ بنائے بغیر ہی سابقہ ادوار میں سیوریج کے پائپ بچھا دیئے گئے ہیں۔







