جنوبی افریقہ کے خلاف منصوبہ بندی بارے بابر اعظم نے بتادیا

باغی ٹی وی : قومی کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ منگل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف بھرپور منصوبہ بندی کرلی ہے۔

بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے مکمل طورپرتیارہیں، پلیئنگ الیون میں نے ہی تشکیل دینی ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہیڈ کوچ سے مشاورت کروں گا، ٹیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ میرا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے بھرپور پلان بنایا ہے اس پر مکمل عمل کریں گے، پاکستان ٹیم کا دارومدار صرف میرے اوپرنہیں، دیگر کھلاڑیوں کا بھی کردار ہوتا ہے، اظہر علی، محمد رضوان اور فواد عالم بہترین بیٹسمین ہیں، میری کار کردگی بھی کھلاڑیوں کی وجہ سے ہوتی ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے بہتر کروں، میدان میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہوتی ہے، قیادت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ جارحیت اچھی نہیں لگتی، ٹی وی پردیکھنے والوں کو بھی برا لگتا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی میں شروع ہو گا۔دونوں ٹیمیں 14برس کے بعد پاکستانی سرزمین پرٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ کپتان بابراعظم ہیڈ کوچ کی مشاورت سے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی سکواڈ کے اوپنرز کے طور پر عابد علی اور عمران بٹ میدان میں اتریں گے۔ اظہر علی ، بابر اعظم ، فواد عالم اور سعود شکیل کو مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف اور محمد نواز جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان نائب کپتان ہیں۔ سرفراز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسپنرز میں نعمان علی ، ساجد خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ فاسٹ باؤلرز حارث رؤف ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان بھی جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا حصہ ڈالیں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی

Shares: