صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کا لاہور عجائب گھر میں کشمیر ڈے کے حوالے سے کشمیری آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش کا افتتاح
ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر اعجاز منہاس اور افسران نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا ۔ صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو نے کہا کہ بھارت کے بدترین ریاستی جبر نے تحریک حریت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ 73 برس تک بھارتی ظلم اور جارحانہ رویہ سہنے کے باوجود اہل کشمیر نسل در نسل اپنے حقوق و تحفظ کے حصول کے لئے کھڑے ہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں- کشمیر میں اگست 2019 سے جاری لاک ڈاؤن بھی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا۔ حکومت پاکستان نے کشمیریوں کا مقدمہ ہر بین الاقوامی فورم پر جس مدبرانہ انداز میں پیش کیا پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم تمام بطور پاکستانی نہتے اور مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں-
بھارت نے ہر دور میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی نفی اور ظلم و جبر کا استعمال کیا۔ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے- ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجاز احمد منہاس کا کہنا تھا کہ کشمیری آرٹ اینڈ کرافٹ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے دنیا میں الگ پہچان رکھتا ہے۔ کشمیری آرٹ اینڈ کرافٹ کشمیری لوگوں کی ہنر مندی اور جفاکشی کی زندہ مثال ہے-







