اسلام آباد :اپوزیشن دیکھتی رہ گئی اورسینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی منظوری ہوگئی ،اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے کابینہ سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی منظوری لے لی ہے ۔
اس سے پہلے سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ سے کرانے کیلئے وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔
صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ اور شو آف ہینڈز کے ذریعے کروانے کے معاملے پر سپریم کورٹ کی رائے طلب کرلی ہے‘پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس بھجوانے کی وزیر اعظم کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے ریفرنس پر دستخط کر دیے ہیں.
بیان میں کہا گیا کہ صدر نے وزیر اعظم کی تجویز پر سینیٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ یا شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے عوامی اہمیت کے معاملے پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی ہے بیان کے مطابق سپریم کورٹ کو ارسال کردہ ریفرنس میں آئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 122 (6) میں ترمیم کرنے پر عدالت عظمیٰ کی رائے مانگی گئی ہے.
خیال رہے کہ 15 دسمبر کو وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات فروری میں کروانے اور اوپن بیلٹ کے معاملے پر سپریم کورٹ کا مشاورتی دائرہ کار لاگو کرنے کا فیصلہ کیا تھا یہ انتخابات ایوان بالا کی 52 نشستوں پر ہوں گے کیوں کہ 104 اراکین سینیٹ 11 مارچ کو ریٹائر ہوں گے