کراچی: جنرل اسپتال کراچی کی ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے ایم ٹی آئی آرڈی ننس کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صدارتی آرڈی ننس کے تحت جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر،قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ اطفال کو اپنی تحویل میں لے ۔جناح اسپتال میں ڈاکٹر نعیم خان کی زیر صدارت ڈاکٹرایسوسی ایشن کے اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایم ٹی آئی آرڈی ننس کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کیا گیا ۔ڈاکٹر نعیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق کے تینوں اسپتال جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر ،قومی ادارہ امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور قومی ادارہ اطفال (این آئی سی ایچ)وفاق سے صوبوں کو منتقل ہوگئے تھے مگر جنوری 2019میں سپریم کورٹ کے 5رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں ان تینوں اسپتالوں کو واپس وفاق کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔دو سال سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے باوجود وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرتے ہوئے ان تینوں اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول حاصل نہیں کیا ۔انہوںنے کہا کہ نومبر 2020میں وفاقی حکومت نے صدارتی آرڈی ننس جاری کیا جس کے تحت جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر،قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ اطفال کو بورڈ آف گورنرز کے تحت انتظامی طور پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اس فیصلے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی کے ان اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول جلد سے جلد حاصل کرے ۔

Shares: